گوگل نے ملک کی پہلی خاتون ڈاکٹر جوشی کا ڈوڈل بنایا

0
57

نئی دہلی،31مارچ (یو این آئی) سرچ انجن گوگل نے ملک کی پہلی خاتون ڈاکٹر آنندی گوپال جوشی پر ڈوڈل بناکر ان کے تئیں احترام کا اظہار کیا ہے ۔ آنندی جوشی کی پیدائش 31مارچ 1865کو مہاراشٹر کے ٹھانہ ضلع کے یمنا میں ہوئی تھی۔ 9برس کی عمر میں ہی ان کی شادی مسٹر گوپال راو جوشی سے ہوگئی تھی۔ محض14 برس کی عمرمیں علاج نہ ہونے کی وجہ سے اپنے دس دن کے بچے کی موت کے بعدانہوں نے ڈاکٹر بننے کی ٹھانی تھی اور 21برس کی عمر میں 1886میں امریکہ کے پنسلوانیہ میں واقع ویمنس میڈیکل کالج آف پنسلوانیہ (اب ڈریکسیل یونیورسٹی کالج آف میڈیسن) سے ڈاکٹر ی کی تعلیم مکمل کی لیکن اگلے ہی برس تپ دق سے ان کی موت ہوگئی ۔جب انہوں نے اپنی ڈگری مکمل کی تو برطانیہ کی اس وقت کی مہارانی وکٹوریہ نے انہیں مبارکبادی پیغام بھیجا تھا۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد 1886میں آنندی جوشی ہندستان واپس آئیں۔ انہیں کولہاپور کے مقامی البرٹ ایڈورڈ اسپتال کے خواتین وارڈ کا انچارج مقرر کیا گیا۔ آنندی جوشی کے شوہر جو عمر میں ان سے کئی برس بڑے تھے ، بیوی کی ابتدا ئی تعلیم میں بھی اہم کردار ادا کیا اور انہیں لکھنا اور پڑھنا سکھایا۔ امریکہ جانے سے پہلے وہ کچھ وقت کولکتہ میں بھی رہی تھیں۔ گوگل کے لئے بنگلوروکی کشمیرا سرودا نے ڈوڈل بنایا ہے ۔ اس میں آنندی جوشی ڈگری لیتی ہوئی نظر آرہی ہیں اور ان کی ہرے رنگ کی ساڑی لہرا رہی ہے ۔ سیارے وینس پر ایک کھائی کا نام بھی ان کے نام پر رکھا گیا ہے ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here