جنوبی کشمیر میں ٹارگٹ فائرنگ کے واقعات میں ایک ایس پی او ہلاک، دوسرا زخمی

0
43

سری نگر ، 31مارچ (یو ا ین آئی) جنوبی کشمیر میں ہفتہ کے روز پیش آئے ٹارگٹ فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں ریاستی پولیس کا ایک اسپیشل پولیس آفیسر (ایس پی او) ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوا۔ جنگجوؤں نے ہفتہ کی شام قریب پانچ بجے ضلع پلوامہ کے مرن چوک میں ریاستی پولیس کے ایک ایس پی او پر گولیاں چلاکر اسے ہلاک کردیا۔ سرکاری ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ جنگجوؤں کی طرف سے پلوامہ کے مرن چوک میں ایس پی او محمد اشرف میر پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی اشرف کو فوری طور پر ضلع اسپتال پلوامہ پہنچایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔ ریاستی پولیس کے ایک ترجمان نے کہا ’پلوامہ میں ہفتہ کو شام کے وقت ہونے والے جنگجویانہ حملے میں ہم نے ایس پی او محمد اشرف میر کو کھودیا ہے۔ ہم سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہیں‘۔ اس سے قبل جنگجوؤں نے ضلع اننت ناگ میں ایک ایس پی او پر فائرنگ کرکے اسے شدید زخمی کردیا۔ فائرنگ کا یہ واقع قصبہ اننت ناگ کے کھنہ بل چوک میں پیش آیا ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کھنہ میں ٹریفک کو ریگولیٹ کرنے کی ڈیوٹی پر مامور ایس پی او ٹریلوک سنگھ پر ہفتہ کی صبح نامعلوم جنگجوؤں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی ایس پی او کا اسپتال میں علاج ومعالجہ چل رہا ہے۔ بتادیں کہ جنوبی کشمیر میں گذشتہ تین دنوں کے دوران جنگجوؤں کی طرف سے تین ایس پی اووز کو نشانہ بنایا گیا۔ ضلع اننت ناگ کے وپزن بجبہاڑہمیں 29 مارچ کی شام دیر گئے مشتبہ جنگجوؤں نے ریاستی پولیس کے ایک ایس پی او مشتاق احمد پر فائرنگ کرکے اسے ہلاک جبکہ اس کی بیوی کو شدید زخمی کردیا۔ مشتاق احمد اسپتال لے جانے کے دوران ہی دم توڑ گیا تھا جبکہ اس کی بیوی سری نگر کے شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں زیر علاج ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ تاہم اب تک کسی بھی جنگجو تنظیم نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here